موضوع و من گھڑت روایات کی تحقیق پر سلسلہ وار تحریروں کا آغاز

السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ

 اس بلاگ کا مقصد صرف موضوع و من گھڑت روایات کی تحقیق عوام کے سامنے لانا ہے۔ تاکہ عوام میں موجود بیشمار غیر معتبر اور من گھڑت روایات کی نشاندہی ہو سکے اور اس کی ترویج سے ممکنہ حد تک بچا جا سکے۔ موضوع روایات کے تعاقب پر بیشمار کتابیں لکھی جا چکی ہیں جن کا تذکرہ میں نے گذشتہ چند تحریروں میں بھی کیا۔ عوام چونکہ کتابوں کہ مطالعہ کا شوق کم ہی رکھتی ہے اس لیے یہ ضرورت محسوس کی گئی کہ وٹس ایپ گروپس میں ہی ان کتابوں کے مواد کو تحریروں کی شکل میں آپ حضرات کے ساتھ شیئر کیا جائے۔ اس مقصد کے پیش نظر میں نے یہ گروپ تشکیل دیا ہے۔ یہاں آپ کو یومیہ کچھ موضوع روایات کی تحقیق پر تحریریں موصول ہونگی۔ یہ تحقیق میری ذاتی نہیں ہوگی۔ اس کام کے لیے ہم اپنے جید علماء کی لکھی ہوئی کتب سے مواد آپ کی خدمت میں پیش کریں گے جن میں سرفہرست۔ حضرت مفتی عبدالباقی صاحب ہیں جنہوں نے اس موضوع پر "تنبیہات" پانچ جلدوں میں لکھی اور دوسرے حضرت مولانا مفتی طارق امیر خان صاحب ہیں انہوں نے بھی پانچ جلدوں میں "غیر معتبر روایات کا فنی جائزہ" نامی کتاب لکھ کر ایسی بیشمار روایات کی نشاندہی کی ہے۔ اس کے علاوہ بھی کافی کتب ہیں ہم حسب ضرورت سب سے استفادہ کریں گے۔ 
تعارف:
*مفتی عبدالباقی اخونزادہ مدظلہ* نے 1994 میں جامعہ العلوم الاسلامیہ علامہ بنوری ٹاون کراچی سے درسِ نظامی کی تعلیم مکمل کی۔ جس کے بعد 1995-1996 میں اسی ادارے سے تخصص فی الفقہ کیا۔ بعد ازاں2001-2004 تک جامعہ دارلعلوم کراچی سے تمرینِ افتاء کیا اور وفاقی اردو یونیورسٹی سے تاریخِ اسلام میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ اس وقت مفتی صاحب جامعہ اسلامیہ رضیہ للبنات سائیٹ کراچی میں مہتمم کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
موضوع روایات کی تحقیق پر انہوں نے کافی کام کیا ہے اور ان کی تحقیق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی جدید من گھڑت روایات پر بھی موجود ہے مزید بھی ان کا کام جاری ہے۔ ہم ان کی تحقیقات کو آپ کے ساتھ شیئر کریں گے۔ 
ہمارے محترم مفتی محمد عاصف (فاضل و متخصص دارلعلوم کراچی) کی زیر نگرانی۔ 
ہمارے ساتھ رہئے گا۔ 
 *ایڈمن:* 
ضرار خان

Comments