ایک بوڑھی عورت کا آپﷺ کے اخلاق سے متاثر ہوکر ایمان لانا

 🔲 غیر معتبر روایات سلسلہ نمبر 64 🔲

       

ایک ضعیفہ کا آپﷺ کے اخلاق سے متاثر ہوکر ایمان لانا


▪️واقعہ:

’’ مکہ مکرمہ میں ایک بوڑھی عورت رہتی تھی اس نے سنا کہ بنی ہاشم کے گھر میں ایک شخص نے نبوت کادعوی کیا ہے،اور وہ ایسا جادوگر ہے کہ لوگوں کو ان کے آباءو اجداد کے دین سے پھیر دیتا ہے،اس نےجب یہ چرچا بہت زیادہ سنا تو ایک دن سوچا کہ میں مکہ سےکہیں دور جا کر رہائش اختیار کرلوں، تا کہ کہیں میں بھی اپنے آبا ءکے دین سے نہ پھر جاؤں،اس نے اپنا سامان باندھااور گھر سے نکل پڑی،سامان وزنی تھا اسے اٹھانے میں مشکل ہورہی تھی، آپﷺ اس راستے سے گذر رہے تھے، آپﷺ نے جب ایک بوڑھی کو سامان اٹھاتے دیکھا تو آگے بڑھے اور اس کا سامان اٹھا لیا اور اس سے پوچھا کہ کہاں جانا ہے ؟اس نے کہا: جنگل میں لے چلو،وہاں جا کر اس نے ایک جگہ اپنا سامان رکھوایا،آپﷺ نے اس پوچھا کہ وہ اس جنگل میں کیا کرنے آئی ہے؟ اس نے ساری با ت بتا دی،آپ ﷺ نے اس کہا کہ وہ نبی میں ہی ہوں،بوڑھی عورت آپ ﷺ کے اخلاق دیکھ کر حیران ہوئی اور سوچنے لگی کہ اتنے عمدہ اخلاق والا شخص جادو گر کیسے ہوسکتا ہے اور وہ مسلمان ہوگئی‘‘۔



✍️ روایت کا حکم


تلاش بسیار کے باوجود یہ واقعہ سنداً تاحال ہمیں کہیں نہیں مل سکا، اور جب تک اس کی کوئی معتبر سند نہ ملے اسے آپ ﷺ کے انتساب سے بیان کرنا موقوف رکھا جائے، کیونکہ آپﷺ کی جانب صرف ایسا کلام وواقعہ ہی منسوب کیا جاسکتا ہے جو معتبر سند سے ثابت ہو،

واللہ اعلم۔


(غیر معتبر روایات کا فنی جائزہ جلد دوم 400)


Comments