آپﷺ کا طبیب کویہ فرمانا: ہم ایسی قوم ہیں جوسخت بھوک کے علاوہ نہیں کھاتے، اور جب کھاتے ہیں تو پیٹ بھر کر نہیں کھاتے.

 🔲 غیر معتبر روایات سلسلہ نمبر 67 🔲

          

آپﷺ کا طبیب کویہ فرمانا: ہم ایسی قوم ہیں جوسخت بھوک کے علاوہ نہیں کھاتے، اور جب کھاتے ہیں تو پیٹ بھر کر نہیں کھاتے.


▪️روایت:

 ’’نبی اکرمﷺ کے عہد میں مدینہ طیبہ میں ایک طبیب آیا، اس نے آپﷺ کی اجازت سے وہاں اپنا مطب کھولا،کئی دن ہوگئے اور کوئی بھی اس کے پاس علاج کے لئے نہیں آیا،اس طبیب نے کسی سے اس بات کی شکایت کی اور اس کی وجہ پوچھی تو طبیب سے کہاگیا: ہم ایسی قوم ہیں جوسخت بھوک کے علاوہ نہیں کھاتے ،اور جب کھاتے ہیں تو پیٹ بھر کر نہیں کھاتے،اس طبیب نے یہ بات سن کہا: ایسی قوم کبھی بیمار نہیں ہوگی ،اور وہاں سے چلا گیا ‘‘۔


🔍مذکورہ روایت ہمیں تلاش کے باوجود سنداً کہیں نہیں مل سکی،البتہ علامہ علی بن برہان الدین حلبی ؒ نے اس کے ہم معنی ایک روایت ’’السيرة الحلبية‘‘[1] میں مرفوعاً بلاسند اس طرح لکھی ہے:


’’وقد قال بعضهم: إن المَقُوقِس أرسل مع الهدية طبيبا، فقال له النبي: ارجع إلى أهلك، نحن قوم لا نأكل حتى نجوع، وإذا أكلنا لا نشبع‘‘ .


 بعض لوگوں نے کہاہے کہ مَقُوقِس نے آپﷺ کے پاس ہدایا کے ساتھ ایک طبیب بھی بھیجا، نبی ﷺنے اس سے کہا: اپنے اہل کی طرف لوٹ جا،کیونکہ ہم ایک ایسی قوم ہیں جوسخت بھوک میں کھاتے ہیں، اور جب کھاتے ہیں تو پیٹ بھر کر نہیں کھاتے۔



✍️روایات کا حکم

تلاش بسیار کے باوجود مذکورہ دونوں روایات سنداً تاحال ہمیں کہیں نہیں مل سکیں، اورجب تک اس کی کوئی معتبر سند نہ ملے اسے آپ ﷺ کے انتساب سے بیان کرنا موقوف رکھا جائے، کیونکہ آپﷺ کی جانب صرف ایسا کلام وواقعہ ہی منسوب کیا جاسکتا ہے جومعتبر سند سے ثابت ہو، واللہ اعلم۔


حوالہ جات

[1]  السيرة الحلبية:۳/ ۳۴۸، المطبعة العامره الزاهرة-  مصر، ط: ۱۲۹۲ هـ .


(غیر معتبر روایات کا فنی جائزہ جلد دوم 405)

Comments